دبئی پولیس کا بڑا اقدام؛ 1,903 الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹر ضبط

دبئی پولیس نے خطرناک انداز میں الیکٹرک اسکوٹر چلانے اور کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتے میں 1903 الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز ضبط کرلیے۔ جبکہ ان میں 1194 اسکوٹرز صرف جمیرا کے کائٹ بیچ سے ضبط کیے گئے، جہاں نوجوانوں کی جانب سے خطرناک کرتب دکھانے کے واقعات سامنے آئے تھے۔

دبئی پولیس کے مطابق یہ کارروائی عوامی مقامات پر حادثات کی روک تھام اور شہریوں، سیاحوں اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے کی گئی ہے۔

پولیس کے ٹریفک امور کے جنرل ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان کے مطابق گزشتہ ہفتے مختلف مقامات پر ٹریفک گشت اور معائنے کے دوران یہ کارروائیاں کی گئیں۔ کائٹ بیچ پر ہونے والی کارروائی میں بھی کئی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جہاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں نوجوانوں کو اسکوٹر ایک پہیے پر چلاتے اور خطرناک کرتب دکھاتے دیکھا گیا۔

بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے خبردار کیا کہ اسکوٹر کو ایک پہیے پر چلانے یا اس پر کرتب دکھانے سے سوار اپنا توازن اور کنٹرول کھو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ خود گر سکتا ہے یا کسی پیدل چلنے والے سے ٹکرا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تفریحی مقامات پر یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے، جہاں خاندانوں، بچوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مہارت کا مظاہرہ نہیں بلکہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات ہیں، جن کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

دبئی پولیس نے کہا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹرز کے خطرناک استعمال کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیاحتی مقامات، تفریحی علاقوں اور ان جگہوں پر ٹریفک گشت بڑھایا جائے گا جہاں اسکوٹر استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔

پولیس کے مطابق خطرناک کرتب دکھاتے ہوئے پکڑے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے اسکوٹر بھی ضبط کیے جاسکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد خلاف ورزیوں کی روک تھام اور عوامی مقامات پر موجود افراد کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔

بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو الیکٹرک اسکوٹر کے محفوظ استعمال اور ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت سمجھائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکوٹر چلانے کے لیے مقررہ جگہوں کا استعمال کرنا چاہیے، ہیلمٹ سمیت حفاظتی سامان پہننا چاہیے اور زیادہ رش والے مقامات پر اسکوٹر چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

پولیس نے غیر ضروری تیز رفتاری، اسکوٹر پر کسی دوسرے شخص کو بٹھانے اور ایسے کرتب دکھانے سے بھی منع کیا ہے جن سے اسکوٹر کا کنٹرول کھونے کا خدشہ ہو۔

دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکٹرک اسکوٹرز کے خطرناک کرتبوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز نوجوانوں کو ان حرکات کی نقل کرنے پر اکسا سکتی ہیں، کیونکہ بعض افراد سوشل میڈیا پر مقبولیت اور زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے خطرناک کرتب کے لیے ایسا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعات چند افراد کی جانب سے قوانین کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ ہیں اور انہیں پوری کمیونٹی کے رویے کی عکاسی نہیں سمجھنا چاہیے۔

دبئی پولیس نے رہائشیوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکٹرک اسکوٹر کے خطرناک استعمال کی اطلاع براہ راست پولیس کو دیں۔

اس مقصد کے لیے دبئی پولیس کی ایپ میں موجود ’پولیس آئی‘ سروس استعمال کی جاسکتی ہے یا ’وی آر آل پولیس‘ پروگرام کے تحت 901 پر کال کی جاسکتی ہے۔

حکام کے مطابق براہ راست اطلاع ملنے سے پولیس فوری کارروائی کرسکتی ہے اور ممکنہ حادثات کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Related posts