اقتصادی تنصیبات پر حملہ ناقابل قبول ہے: وزیراعظم کی سعودی مالیاتی مرکز پر حوثی حملے کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے حملے علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، جبکہ سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکی افراد کے تحفظ کے حق کو بھی تسلیم کرتا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز یمن کے حوثی باغیوں نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) ٹاور کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے کے نتیجے میں عمارت کی 8 منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں اور قریبی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا تھا، تاہم حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ریاض کے مالیاتی ضلع پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شہری تنصیبات اور معاشی مراکز کو نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اور خطے کے امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل 8 نومبر کو بھی ریاض میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت ایک عمارت حوثی حملے میں متاثر ہوئی تھی، جس کے ردعمل میں سعودی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور میزائل و ڈرون تنصیبات کے خلاف فضائی کارروائیاں کی تھیں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض پر تازہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے 3 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔