ایران کو پیغام دیا ہے خلیجی و مشرق وسطیٰ کے ممالک کو نشانہ نہ بنایا جائے، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کثیر الجہتی، واضح اور آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جو تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مساوی وقار کے احترام پر استوار ہے۔ پاکستان نے ایران کو پیغام دیا ہے کہ خلیجی و مشرق وسطیٰ کے ممالک کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
عالمی نشریاتی ادارے یورو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، پائیدار امن اور معاشی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں اور بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انوہں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 2025 سے 2026 کے دوران پاکستان عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے سرگرم ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ بلاک سیاست اور یکطرفہ اقدامات مسائل کا حل نہیں بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 28 فروری کو جنگ کے پہلے ہی روز پاکستان نے اسرائیلی حملے کی مذمت کی، ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے تحمل کا مشورہ دیا اور ایران کو یہ پیغام بھی پہنچایا کہ خلیجی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق 47 سال بعد امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات پاکستان کی موجودگی کی شرط پر 10 اور 11 اپریل کو اسلام آباد میں شروع ہوئے اور 21 گھنٹے طویل مذاکراتی سیشن میں فریقین معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 18 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر نے دستخط کیے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف گواہ بنے، اور مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان دونوں فریقین کو اس معاہدے کی پاسداری پر آمادہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا طویل تنازعات اور توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کی متحمل نہیں ہو سکتی، خطے میں پائیدار امن کے لیے نیا سیکیورٹی فریم ورک درکار ہے، اور پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل علاقائی فورم میں استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ ڈھانچہ آر فور اور ای فور کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کا اجلاس دسمبر میں جرمنی میں متوقع ہے۔
بڑی طاقتوں اور تجارتی شراکت داروں کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ فعال روابط ہیں جبکہ چین کے ساتھ 75 سالہ آزمودہ تزویراتی شراکت داری موجود ہے، اور معیشت و امن کو ترجیح دیتے ہوئے پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن اور آزادانہ تعلقات برقرار رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک کے پہلے مرحلے میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ اب سی پیک 2.0 میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور زراعت پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق یورپی یونین اور برطانیہ اہم تجارتی شراکت دار ہیں اور پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپی حمایت کا خواہاں ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس تشکیل دی گئی ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج و ایمرجنسی کا نفاذ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے قرضوں کے جال کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے تناسب سے 67 سے 68 فیصد پر واپس آ چکا ہے جو کئی بڑے ممالک سے کم ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان پر بیرونی قرضہ 130 ارب ڈالر ہے جبکہ معدنیات اور نایاب زمینی ذخائر کی مالیت 6 سے 10 ٹریلین ڈالر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا اور اب دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، تاہم معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرنا ہوں گے۔
ہمسایہ ممالک کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ مستحکم اور خوشحال افغانستان سب کے مفاد میں ہے اور پاکستان نے تجارت و مہاجرین سے متعلق تمام وعدے 8 ہفتوں میں پورے کیے، تاہم پاکستان کا واحد مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو اور ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ اور داعش جیسے گروہوں کے خلاف زبانی جمع خرچ کے بجائے قابل تصدیق کارروائی کی جائے۔
بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی بحالی کا دارومدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی خلاف ورزی ہیں، اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا جس کی توثیق عالمی ثالثی عدالت بھی کر چکی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دہائیوں پر محیط سیاسی سفر کا سب سے بڑا سبق دیانتداری اور غیر جانبداری سے عوامی فلاح کے فیصلے کرنا ہے، جبکہ خطے میں سفارتی رابطوں اور معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لیے طے شدہ فریم ورک اور معاہدوں پر عمل درآمد آئندہ مرحلے میں کلیدی اہمیت رکھے گا۔