کھیل 

محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں ملا؟ وجہ سامنے آگئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 38 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے تاہم سابق کپتان محمد رضوان اور اوپنر صائم ایوب فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔ چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے رضوان کے مستقبل سے متعلق بھی اہم بیان دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری سینٹرل کنٹریکٹس کی فہرست میں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی 20 انٹرنیشنل اور ڈیویلپمنٹ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے محمد رضوان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات موجود ہیں اور جیسے ہی صورت حال سازگار ہوگی، انہیں ٹیم میں منتخب کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹی 20 کرکٹ سے باہر نہیں ہوئے، جب کہ ٹیم کی سلیکشن کا سینٹرل کنٹریکٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق جو کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائے گا، وہ کسی بھی فارمیٹ میں کھیل سکتا ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ فارمیٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹس متعارف کرانے کا مقصد کھلاڑیوں کو اپنے متعلقہ فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع دینا ہے۔

پی سی بی کی فہرست کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جب کہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔

ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل دونوں کیٹیگریز میں ابرار احمد، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس کو جگہ دی گئی ہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔

دوسری جانب مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں 19 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے،ان کھلاڑیوں میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

Related posts