پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت، 3 نکاتی فارمولا پیش
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے بھارت سمیت تمام رکن ممالک کو مکالمے کی دعوت دی ہے اور ثقافتی تعاون، تاریخی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 3 نکاتی فارمولا پیش کیا ہے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اردو میں اظہار خیال کیا۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے مرزا غالب اور علامہ اقبال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہی ہوتی ہے اور اگر تمام نظریات ایک جیسے ہوں تو وہ مکالمہ نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گندھارا اور بدھ مت سمیت مختلف قدیم تہذیبوں کا امین ہے اور اس کے تاریخی و تہذیبی روابط فارس اور عرب سے لے کر وسطی ایشیا کے تاریخی شہروں بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں، اس لیے وہ تمام ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان روابط سے فائدہ اٹھائیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے اجلاس میں تین نکاتی فارمولا پیش کرتے ہوئے تجویز دی کہ ایس سی او ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دیا جائے، تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا جائے اور تہذیبی آثار کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایس سی او نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کرنے کی تجاویز بھی دیں۔
فورم کے موقع پر وفاقی وزیر مصدق ملک اور بھارتی وزیر گجندر سنگھ شیخاوت کے درمیان نئی دہلی کے پرانے قلعے میں غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں وزرا کافی دیر تک گفتگو کرتے رہے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے آذربائیجان کے وزیر ثقافت ڈاکٹر عادل کریمی، کرغزستان کے وزیر مملکت برائے اطلاعات، تاجکستان کی وزیر ثقافت مطلوبہ خان اور نیپال کے وزیر ثقافت کھڑک راج پاوڈل سے بھی ملاقاتیں کیں، جبکہ ڈاکٹر مہدی ایمانی کی قیادت میں ایرانی وفد نے بھی ان سے ملاقات کی۔
مبصرین کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے پیش کی گئی ان تجاویز اور علاقائی وزرا سے ہونے والے رابطوں کو رکن ممالک کے درمیان ثقافتی اور باہمی روابط آگے بڑھانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔