سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی انتقال کر گئے
سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کرد گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق سینئر صحافی حسین نقی 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کردی گئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے صحافت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیے حسین نقی کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حسین نقی اصولوں کے صحافی تھے، جنہوں نے زندگی بھر آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی۔
شہباز شریف نے مرحوم کے اہلِ خانہ، صحافتی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حسین نقی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔