عائزہ خان ایک ساتھ کیوں نظر نہیں آتے؟ دانش تیمور نے خاموشی توڑ دی

پاکستانی اداکار دانش تیمور نے اپنی اہلیہ و نامور اداکارہ عائزہ خان کی تقریبات میں غیر موجودگی اور دونوں کے ایک ساتھ نظر نہ آنے کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دے دیا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے دانش تیمور اور عائزہ خان مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دکھائی نہیں دے رہے، جس کے باعث سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات کے حوالے سے کئی سوالات اور قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں۔

حال ہی میں دانش تیمور نے امریکی شہر ہیوسٹن میں ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی، جہاں میزبان نے ان سے عائزہ خان کے ساتھ کسی نئے ڈرامے میں کام کرنے کے بارے میں سوال کیا۔

اس پر اداکار نے بتایا کہ وہ دونوں ایک اچھے اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف حقیقی زندگی میں میاں بیوی ہونے کی وجہ سے کسی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کرنا کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے کہانی کا مضبوط اور دلچسپ ہونا بھی ضروری ہے۔

دانش تیمور نے عائزہ خان کی غیر موجودگی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ وہ دونوں اب بھی ساتھ ہیں اور ان کے درمیان سب ٹھیک ہے۔

اداکار کے مطابق عائزہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم کے کام میں مصروف ہیں، جس کی کچھ شوٹنگ اور باقی رہ جانے والے مناظر مکمل کیے جا رہے ہیں۔

دانش تیمور کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر ان کے اور عائزہ خان کے تعلقات کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں ساتھ ہیں تو پھر تقریبات میں ایک ساتھ کیوں دکھائی نہیں دیتے اور عائزہ اپنے شوہر کے ہمراہ نظر کیوں نہیں آتیں؟

کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ دونوں کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کر رہے اور نہ ہی اپنی گھریلو زندگی کے حوالے سے زیادہ بات کرتے ہیں، جس کی وجہ سے مختلف افواہیں جنم لے رہی ہیں۔

تاہم کئی مداحوں نے دانش تیمور کے بیان پر اطمینان کا اظہار کیا اور خوشی ظاہر کی کہ اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں واضح جواب دیا ہے۔

واضح رہے کہ دانش تیمور اور عائزہ خان کا شمار پاکستان کی مقبول شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ دونوں کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔

اگرچہ دونوں نے ایک ساتھ کئی منصوبوں میں کام کیا ہے، تاہم ان کے مداح ایک بار پھر انہیں کسی نئے ڈرامے میں ساتھ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

Related posts