نئے صوبوں کا قیام: پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہدایت پر مشاورت کا آغاز کر دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارٹی سطح پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ابتدائی مشاورت کا پہلا مرحلہ کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی میں مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تجاویز اور آرا حاصل کرنے کے لیے ارکان پارلیمنٹ کا ایک اور اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث میں بھرپور حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے تجاویز حاصل کی جائیں گی، جن سے پارٹی کے بانی کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی آخری ملاقات میں پارٹی رہنماؤں کو اس معاملے پر مشاورت کرنے کا پیغام دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پارٹی کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔ پارٹی کے بعض ارکان انفرادی حیثیت میں بھی نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں اور اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں صوبے بنانے کے حق میں بل پیش کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن پر مشتمل الگ صوبہ قائم کرنے کی تجویز موجود ہے۔
ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام پارٹی منشور کا بھی حصہ ہے اور اس حوالے سے ان کے پیش کردہ بل بھی زیر التوا ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے پر عوام سے بھی رائے لی گئی ہے اور 80 سے 90 فیصد لوگ نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور عوام کے قریب لائے جا سکتے ہیں اور انہیں سرکاری خدمات تک رسائی میں سہولت مل سکتی ہے۔
ریاض فتیانہ نے تجویز دی کہ ڈویژن کی سطح پر موجود محکموں کی تعداد اور انتظامی ڈھانچے کو کم کیا جائے، جس سے سرکاری اخراجات اور کابینہ کا حجم کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ فیصلہ سازی کا عمل بھی بہتر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اختیارات چند ہاتھوں اور خاندانوں تک محدود ہیں، اس لیے ان کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔ انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کو ملک کے لیے ایک بہتر انتظامی راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔