خیبرپختونخوا کے عوام صدارتی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں: فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف لڑیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے عوام کے نام اپنے اہم ویڈیو پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتے اور وہ انتشار کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔ مشترکہ کوششوں کے ذریعے خیبرپختونخوا میں ترقی اور خوشحالی لانا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچانے کے خواہش مند ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے عوام پر زور دیا کہ وہ قانون شکنی اور اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ صوبے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کی منظوری اور صدر مملکت کی توثیق کے بعد گورنر راج کے تحت صوبے کی انتظامی باگ ڈور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ہی سنبھالیں گے اور وہی تمام نگران ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

Related posts